اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب ملک نے الیکشن کمیشن میںقبائلی اضلاع میں انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے بنائے گئے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق قبائلی اضلاع سے کنٹرول روم میں تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی، کہیں بھی پولنگ تاخیر سے شروع ہونے کی اطلاع نہیں ملی، انتخابی عملہ یا سیکیورٹی اہلکار کسی کو ووٹ ڈالنے ی ترغیب نہیں دے سکتے، ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ لازمی اور فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹرول روم اے ڈی جی الیکشن کی نگرانی میں کام کر رہا ہے جو انتخابی نتائج مرتب ہونے تک کام کرتا رہے گا۔ادھر الیکشن کمیشن نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عملہ یا سیکیورٹی اہلکار کسی کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب نہیں دے سکتے، ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ لازمی اور فوٹو کاپی قابل قبول نہیں ہوگی، ووٹرز، انتخابی عملہ اور پولنگ سٹیشن پر موجود دیگرافراد ووٹ کی رازداری کا خیال رکھیں۔بیلٹ پیپر پر نشان لگانے کیلیے پولنگ حکام کی فراہم کردہ مہر استعمال کریں، پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہے، مقررہ وقت کے اختتام کے بعد بھی پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ووٹرز اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔قبل ازیں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے ہفتے کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرضلع کرم کو ٹیلی فون کرکے ان سے پولنگ کے جاری عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق 11خواتین ووٹرز نے پولنگ سٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کرم نے ان خواتین کو یقین دلایا کہ سی سی ٹی وی کیمرے صرف سیکورٹی مقاصد کیلئے نصب کئے گئے ہیں جس کے بعد ان خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
قبائلی اضلاع میں انتخابات،سیکرٹری الیکشن کمیشن کاکنٹرول روم کا دورہ
Jul 21, 2019