لاہور (لیڈی رپورٹر) لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ کے زیر اہتمام کشمیر سے الحاق پاکستان کے سلسلے میں آن لائن ویبینار ہوا۔ ویبینار کا موضوع "کشمیر کی آزادی کے لئے خواتین کی قیادت" تھا. ویبنار کا مقصد اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت کشمیری خواتین کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے لئے حمایت کا اظہار کرنا تھا۔ویبینار میں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا، سماجی کارکن پروفیسر ظفر سندھو اور سربراہ شعبہ ابلاغ عامہ لاہور کالج ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر انجم ضیا و دیگر مقررین میں شامل تھے۔مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز خواتین کی تذلیل کو جنگ کے آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں ۔وہ دن دور نہیں جب غلامی کے طوق ٹوٹ جائیں گے عالمی برادری کو اس کا نو ٹس لینا چاہیے، کشمیری خواتین کو جابرانہ لاک ڈاؤن کے تحت سنگین مسائل درپیش ہیں۔اس کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاکستان کی بیٹیاں ، بہنیں اور مائیں کشمیر ی خواتین کے ساتھ ہیں ۔