لاہور( خصوصی نامہ نگار )جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مولانا مفتی نعمان نعیم اورحافظ حنظلہ نعیم کی وفد کے ہمراہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی سے ملاقات ہوئی ،اس موقع پرمولانا طارق محمود مکی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی ،مولانا شفیق اعظم ،مفتی الیاس ،مولانا نعمان لیاقت ، مولانا محمد افضال اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے کہا کہ جامعہ بنوریہ سائٹ کراچی کے بانی مولانا مفتی محمد نعیم مرحوم کی تمام زندگی تحقیق و تصنیف، درس و تدریس، عقیدہ ختم نبوت اور ناموس صحابہ و اہل بیت کے تحفظ ، دینی مدارس کے قیام و دفاع اور اسلام کی اشاعت میں گزری مرحوم کی اسلام، پاکستان اور اشاعت دین کے لئے خدمات ناقابل فراموش اور تاریخ کا روشن حصہ ہیں۔اس موقع پر جامعہ بنوریہ کے مہتمم مولانا نعمان نعیم نے کہا کہ مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی بھی دیگر اکابرین و علماء کی طرح حسب سابق جامعہ بنوریہ کراچی کی سرپرستی کرتے رہیں گے ۔