ملتان(سپیشل رپورٹر)کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مرحوم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کو شہید ڈکلئیر کروانے اور بیوہ کو 80 لاکھ روپئے کورونا فنڈ سے دلوانے کے لئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے،اس حوالے سے سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے مرحوم پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کو حکومت پنجاب کی پہلے سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق انکی بیوہ کو 80 لاکھ روپئے کا چیک دینے اور انکو شہید کا درجہ دینے کے حوالے سے دستاویزات مکمل کر کے بھجوانے کا کہا ہے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے چند ضروری دستاویزات فوری طور پر بھجوا دی ہیں جبکہ آج مزید کاغذی کاروائی مکمل کر لی جائیگی جبکہ دوسری جانب پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں بنائے جانے والے پانچ لیکچر تھیٹرز آڈیٹوریم کا نام شہید مصطفی کمال پاشا رکھنے کی تجویز بھی دی ہے