اعجاز شاہ نے ننکانہ ہسپتال میں لواحقین کیلئے قیام گاہ کا افتتاح کر دیا

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) پیر اعجازاحمد شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں مریضوں کے لواحقین کی سہولت کے لیے تعمیر کی گئی قیام گاہ کا افتتاح کر دیا۔ قیام گاہ میں مریضوں کے لواحقین کے لئے تمام سہولیات میسر ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں مریضوں کے لواحقین کی سہولت کے لیے قیام گاہ صدقہ جاریہ ہے،42لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی قیام گاہ میں مریضوں کے لواحقین کوہر ممکنہ بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، دو منزلہ قیام گاہ میں بیک وقت ایک سو افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں نئی تعمیر کی جانے والی قیام گاہ کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک، چیئرمین اوورسیز پاکستانی کمیشن پیر طارق احمد شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنرننکانہ صولت حیات وٹو، سی ای اوہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد شاہدسمیت دیگر اداروں کے افسران سمیت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجا ز احمد شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اظہار یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنایا جائے گا،کرونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے اور اس وباء کے خاتمے کے لیے شہریوں کو عیدلاضحیٰ اور محرم الحرام میں حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دینا ہوگا ، محرم الحرام میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پہلے سے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے، حفاظتی ماسک کا استعمال، ہینڈ سینی ٹائزر اور سماجی فاصلہ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ ہم خود کو اور اپنے پیاروں کو اس موذی وباء سے محفوظ رکھ سکیں۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ بہت جلد شہر ننکانہ صاحب کی سبزی منڈی اور غلہ منڈی شہر سے باہر منتقل کر دی جائے گی۔ منڈی میں دکانیں میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کی طرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی ہفتہ صفائی منایا جارہا ہے جس کے تحت ضلع بھر کے شہروں اورقصبوں کی گلیوں، بازاروں، سڑکوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت ضلع بھر میں شجرکاری مہم کے دوران سکولوں ، کالجوں، دفاتروں، ہسپتالوں، پارکوں سمیت کشمیر روڈ کے دونوں اطراف پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ تمام شہری اس شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیںاور ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا اہم کرداراداکریں۔

ای پیپر دی نیشن