ایک دن میں روپے کی قیمت 3بار کم کر کے مافیاز کو نوازا گیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی سے ہمارے ادارے اور کرنسی مذاق بن گئی ہے۔ معیشت کو بہتر بنانے کا ڈنڈھورا پیٹنے والوں نے ایک دن میں روپے کی قدر میں تین بار کمی کرکے ملکی وبین الاقوامی مافیاز کو نوازا ہے۔ وزیر اعظم بار بار بے لاگ احتساب کی باتیں کرتے تھے مگر اب ان کی ناک کے نیچے کرپشن کا بازار گرم ہے۔ مئی میں خریدی گئی ساٹھ لاکھ ٹن گندم صرف دو ماہ میں کہاں گئی۔ گندم برآمد کرنے والا ملک حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن کے ہاتھوں گندم درآمدکرنے پر مجبور ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ حکومت 22ماہ میں کسی ایک شعبہ میں بھی اپنی کارکردگی سے عوام کو مطمئن نہیں کرسکی۔ حکومت کی نااہلی اور ناکامی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ لگتا یہی ہے کہ صرف کپتان نہیں پوری ٹیم مائنس ہونے والی ہے۔ امریکی اور برطانوی شہریت رکھنے والوں کو پاکستانی عوام کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔ اگر یہی صورتحال رہی تو عوام بہت جلد ان سے نجات حاصل کرنے اور انہیں گھر بھجوانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں گے۔ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جب تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوتی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...