لاہور (کامرس رپورٹر) انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر نے کاروبار کا اختتام تاریخ کی بلند ترین سطح پر کیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قدر 96 پیسے اضافے سے 168 روپے 30 پیسے رہی جو پاکستان میں اب تک ڈالر کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق درآمدات بڑھنے کے سبب ڈالر کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور مبادلہ پالیسی بدلنے کے بعد مارکیٹ شرح تبادلہ کا تعین کررہی ہے جو ڈالر کی قدر میں اضافے کا سبب ہے۔ انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ کے اثرات اوپن مارکیٹ میں بھی مرتب ہوئے ہیں اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 20 پیسے مہنگا ہوکر 168 روپے 80 پیسے ہوگیا ہے۔ دریں اثناء ڈالر کے بعد سونے کی قیمت بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 1600روپے اضافے کے بعد 1 لاکھ 11 ہزار 250 روپے ہوگئی۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 1371 روپے اضافے سے 95379 ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 7 ڈالر اضافے سے 1813 ڈالر فی اونس ہے۔ خیال رہے کہ فروری 2019 میں سونے کی فی تولہ قیمت 68 ہزار 500 روپے تھی، کرونا وائرس کی وجہ سے سونے کی قدر میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔