اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا کے خلاف مبینہ دہری شہریت چھپانے کے معاملے پر وفاقی وزیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست گزاروں سے بھی جواب طلب کرلیا ۔وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا کے خلاف مبینہ دہری شہریت چھپانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں نااہلی کی درخواستوں پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی ۔فیصل واڈا کی جانب سے کوئی بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا۔الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں سے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق جواب طلب کر لیا،الیکشن کمیشن نے فیصل واڈا کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزاروں کو حکم دیاکہ آئندہ سماعت پر آپ جواب جمع کرا کے دلائل دیں۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ اگر فیصل واڈا کی جانب سے آئندہ سماعت پر کوئی پیش نہ ہوا تو یکطرفہ کارروائی کریں گے۔الیکشن کمیشن نے درخواستگزاروں کو جواب جمع کرانے کے لیے 15 دنوں کی مہلت دے دی،فیصل واڈا کے وکیل نے گزشتہ سماعت پر درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض عائد کیا تھا۔
مبینہ دہری شہریت چھپانے پرفیصل واوڈا کو نوٹس،درخواست گزاروں سے جواب طلب
Jul 21, 2020