اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ریفرنس کیس، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ سرینا عیسیٰ اور پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کے انیس جون کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔ درخواستوں میں سپریم کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کر کے انیس جون کے عبوری حکم کو ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ حتمی فیصلے تک حکم امتناع کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عبوری حکم دیئے جانے سے پہلے ہماری زیر التوا متفرق درخواستوں کو سماعت کے لئے مقرر کیا جائے۔ عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار تھا جس میں تاخیر کی گئی۔ نظر ثانی درخواست داخل کرنے مدت گذر نہ جائے اس لئے درخواست دائر کر رہا ہوں۔ تاہم کیس کے دوران مذید اضافی دستاویزات جمع کروانے کا حق محفوظ ہے۔