اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اخبار فروشوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس دوران آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وفاقی وزیر کو اخبار فروشوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ٹکا خان نے بتایا کہ اخبار فروش وہ واحد طبقہ ہے جو صبح سویرے آذان کے ساتھ ہی رزق حلال کمانے کے لئے محنت کا آغاز کرتا ہے اور لوگوں کو تازہ صورتحال سے باخبر رکھنے لئے اخبارات کو ان کے دہلیز پر پہنچاتے ہیں۔ ٹکا خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اخبار فروشوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اخبار فروشوں کی مدد کرے۔ اسد عمر نے ٹکا خان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبار فروش برادری پاکستان کاانتہائی محنت کش طبقہ ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ اخبار فروشوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ میں نے وزارت اطلاعات شبلی فراز سے سمری کا کہا ہے جوں ہی شبلی فراز سمری بھیجیںگے انشاء اللہ تعالیٰ اخبار فروشوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت مشکل کی گھڑی میں اخبار فروشوں کے ساتھ ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرینگے ، وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا شکریہ ادا کیا۔