لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے کوووڈ-19 کے باعث ملتوی ہونے والے اولمپک گیمز 2020 کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی ایچ نے اعلامیے میں کہا کہ ہاکی کے مقابلے 25 جولائی سے 7 اگست 2020 کے درمیان جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے اوائی ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول تھے اور مقام کو تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔نئے شیڈول کے مطابق اوائی ہاکی اسٹیڈیم میں ہاکی کے مقابلے 24 جولائی 2021 سے 6 اگست 2021 کے درمیان ہوں گے۔اولمپک گیمز میں ہاکی کا پہلا میچ پرانے شیڈول کے مطابق میزبان جاپان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا، میزبان ٹیم کو 2019 کے ہاکی پرولیگ چمپیئن کا مقابلہ کرنا پڑا جو اولمپک 2004 میں ایتھنزمیں گولڈ میڈل حاصل کرچکی ہے۔خواتین ہاکی کا پہلا مقابلہ بھی اسی دن عالمی نمبر ایک اور عالمی چمپیئن نیدرلینڈز اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم 1984، 2008 اور 2012 میں اولمپک چمپیئن کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔گولڈ میڈل کے لیے مردوں اور خواتین کے مقابلے بالترتیب 5 اگست اور 6 اگست ہوں گے۔مقابلوں کے لیے ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے، پول اے میں آسٹریلیا، ارجنٹیا، بھارت، اسپین، نیوزی لینڈ اورجاپان شامل ہیں۔ پول بی میں بیلجیم، نیدرلینڈز، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا اور جنوبی افریقہ شامل ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم روایت کے برعکس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی اور ان مقابلوں میں شامل نہیں ہوگی۔