پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرانتظام بین الاقوامی نتھیاگلی سمر کالج شروع

اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/طبعیات اور عصر حاضر کے تقاضے کے عنوان سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرانتظام بین الاقوامی نتھیاگلی سمر کالج گزشتہ روز یہاں شروع ہو گیا۔ یہ سائنٹفک کالج گزشتہ 45 برس سے ہر سال منعقد ہوتا ہے۔ اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم نے کالج کا افتتاح کرتے ہوئے کالج کے منتظمین کی تعریف کی کہ کووڈ کی وبا کی وجہ سے سائنسدانوں کا اکٹھا ہونا ناممکن لگ رہا تھا لیکن منتظمین نے اس کا حل ویب ینار کی صورت نکال لیا اور یوں آج یہ کالج ہر سال کی طرح منعقد ہو رہا ہے۔کالج کے دوران سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 کلیدی موضوعات پر مقالہ جات پیش کئے جائیں گے۔ جن میں سنکروٹران ریڈی ایشن اور اس کا استعمال، معدنیات کی دریافت کے جدید طریقے، پلسڈ پاور، لیزر پلازمہ ٹیکنیکس، رینیوایبل انرجی، انوائرمنٹل مانیٹرنگ، میڈیکل فزکس میں ایڈوانسمنٹ اور بایومیڈیکل آپٹکس شامل ہیں۔ اس سال اس بین القوامی سائنسی کالج میں دنیا بھر سے 28 معروف سائنسدان لیکچر دیں گے جن میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، برازیل کے علاوہ جاپان، آسٹریا اور ترکی وغیرہ شامل ہیں۔ ان لیکچرز کو ویبینار کے ذریعے ملکی جامعات اور سائنسی اداروں کے 1200 شرکاء سنیں گے۔ اس کے علاوہ 50 بین الاقوامی شرکاء بھی ان لیکچر سے فائیدہ اٹھائیں گے۔یہ کالج گزشتہ پینتالیس سال سے سائنسدانوں کے باہمی رابطے اور پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے نوجوان سائنسدانوں کو ترقی یافتہ ممالک کے سینئر سائنسدانوں سے سیکھنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن