نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری، بین سٹوکس نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

Jul 21, 2020 | 15:54

ویب ڈیسک

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس ایک درجہ ترقی کے بعد نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔
ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نےٹیسٹ فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا کی پہلی، نیوزی لینڈ کی دوسری اور بھارت کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔
نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس ایک درجہ ترقی کے بعد نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے جبکہ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا دوسرا اوربھارت کےرویندرا جڈیجا کا تیسرا نمبر ہے،بین سٹوکس بلے بازوں کی فہرست میں بھی تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان کےبلے باز بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔باؤلرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا پہلا نمبر ہے جبکہ  کوئی پاکستانی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 113 رنز سے شکست دی تھی ۔ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کےمابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہےجبکہ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ24 جولائی سے شروع ہو گا۔ 

مزیدخبریں