الیکشن کمیشن کی ہدایت پربلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع‘شیڈول جاری

Jul 21, 2020

ملتان ‘دنیا پور( سپیشل رپورٹر‘نامہ نگار )الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں،شہری علاقوں میں نیبر ہڈ کونسلز اور دیہی علاقوں میں ویلج پنچائیت قائم ہونگی،نیبر ہڈ کونسلز اور ویلج پنچائیت کی حلقہ بندیوں کا آغاز کردیا گیا ہے،حلقہ بندیوں کے حوالے سے سرکٹ ہاوس میں بریفنگ کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک،معاون خصوصی جاویداختر انصاری اور ممبر قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ،ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی،واصف راں، سلیم لابر، طارق عبداللہ،عدنان ڈوگر،شاہد مظفر،عبدالروف،رانا عمران شمشاد بھی موجود تھے۔اس موقع پرڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ امتیاز کھچی نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حلقہ بندیوں کے لئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،نیبر ہڈ اور ویلج پنچائیت کی حلقہ بندیوں کی تیاریوں کا آغاز 27 جولائی سے ہو گا،حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں 21 اگست کو جاری کردی جائیں گی،حلقہ بندیوں کے حوالے سے اعتراضات 22 اگست سے 6 ستمبرتک داخل کرائے جا سکیں گے،5 اکتوبر تک حلقہ بندیوں کے بارے تمام اعتراضات نمٹائے جائیں گے،13 اکتوبر کو حتمی فہرستیں جاری کردی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ ضلع ملتان1میٹروپولیٹن کارپوریشن،2میونسپل کمیٹیز،6 ٹاون کمیٹیز اور3 تحصیل کونسلز پر مشتمل ہے،تحصیل صدر ملتان میں275،شجاع آباد107 اور جلالپور پیروالا میں73 مواضعات واقع ہیں،عامر خٹک نے کہا کہ نیبر ہڈ اور ویلج پنچائیت کی آبادی 15 سے 22 ہزار آبادی پر مشتمل ہو گی،جنرل، اقلیتی اور خواتین نشستوں کی تعداد کا انحصار ہر نیبر ہڈ اور ویلج پنچائیت کی آبادی پر ہو گا،نیبر ہڈ اور ویلج پنچائیت کے چئیرپرسنز کا انتخاب براہ راست اور غیر جماعتی بنیادوں پر ہو گا۔وزیر توانائی ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے،ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی تشکیل سے تعمیرو ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا، نئے بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے،اڈا بوسن،شیر شاہ،متی تل اور لطف آباد بڑی آبادیاں ہیں،ان آبادیوں میں ٹاؤن کمیٹی کے قیام کے لئے وزیر اعلیٰ سے بات کرونگا۔دنیاپورسے نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی زیر صدارت پنجاب ویلج پنچائت اینڈ نیبر ہڈکونسل ایکٹ2019کے حوالے سے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری زوار حسین وڑائچ،ممبر صوبائی اسمبلی نذیر احمد خان بلوچ، رہنما پاکستان تحریک انصاف نواب امان اللہ، طاہر خان ملیزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ، اسسٹنٹ کمشنر ایچ اینڈ آر اشرف صالح اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالخالق سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے

مزیدخبریں