لاہور(خصوصی نامہ نگار ) الخدمت فائونڈیشن اِس عید الاضحی پر مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بیوائوں ، اور مساکین کے ساتھ روہنگیا ،شامی اور فلسطینی مہاجرین تک بھی قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدرمحمد عبدالشکور نے بتایا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فائونڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے ۔جس میں الخدمت ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کرتی ہے۔الخدمت فائونڈیشن کی مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قربانی پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لئے ڈیسک قائم کیا جاتا ہے جس میں قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کرنے سے لے کر گوشت کی تقسیم اور رپورٹنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔الخدمت گزشتہ چند سالوں سے روایتی طریقہ کارکے علاوہ جدید سلاٹر ہاؤسزمیں بھی قربانی کا اہتمام کررہی ہے۔ان سلاٹر ہاؤسز میں گلوز اور ماسکس کے استعمال سمیت حفظانِ صحت کے تمام تر اصو اصولوں کو مدِ نظررکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ تمام شرعی اصولوں کے عین مطابق ادا کیا جاتا ہے۔