لندن (آئی این پی)انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر سٹیو ہارمیسن کا خیال ہے کہ فخر زمان کو کپتان بابراعظم کی بجائے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل (ٹی ٹونٹی) کرکٹ میں اننگز کی شروعات کرنی چاہئے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے 43 سالہ سٹیو ہارمیسن نے کہا کہ فخر زمان اور محمد رضوان ٹاپ آرڈر میں پاکستانی ٹیم کا بیلنس بہتر بنائیں گے۔فخر زمان وکٹ کیپر بلے باز رضوان کے ساتھ اوپننگ کریں اور بابراعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے لیے آئیں، میرا خیال ہے کہ اگر میں پاکستان کا مداح ہوتا تو میرے لئے یہ بہتر توازن ہوگا کیونکہ انگلش کنڈیشنز میں یا کسی بھی ایسی حالت میں جہاں گیند سوئنگ ہوتی ہو ، اس طرح میں پہلے دو اوورز میں اپنے بہترین بلے باز کی وکٹ بچا کررکھوں گا اور اسے بیٹنگ کے لئے 18 اوورز مل جائیں گے خصوصا ایسی بیٹنگ لائن اپ میں جس میں آخری کے نمبروں پر بلے باز نہیں آتے۔اتوار کے روز ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے اسپنرز نے پاکستان کو 45 رنز سے ہرانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ اس کامیابی کے بعد انگلینڈ نے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ ثاقب محمود کے ہاتھوں وکٹ گنوانے سے پہلے قومی کپتان اور رضوان نے 50 رنز کا اوپننگ سٹینڈ دیا تھا۔