کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ زبیرطفیل اورظفربختاوری کی سربراہی میں یو بی جی کی نئی قیادت فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے آئندہ الیکشن میں مخالفین کو ناکوں چنے چبوا دے گی اور فیڈریشن پر ناجائز طور پر قابض گراپ سے بزنس کمیونٹی نجات حاصل کرکے رہے گی۔ایس ایم منیرنے ان خیالات کا اظہار چکوال چیمبر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرچکوال چیمبر کے گروپ لیڈر قاضی اکبر،یو بی جی کے صدر زبیرطفیل، ظفربختاوری،سہیل الطاف،نوراحمدخان،زاہد اقبال چوہدری،عبدالرئوف مختار،عامرعطا باجوہ اوردیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے گروپ کے تمام ممبران میری اور یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک کی مشاورت سے درست سمت میں اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم ہمیں فیڈریشن چیمبر میںمتحد ہوکر قبضہ مافیا کامقابلہ کرنا ہے،یو بی جی کی نئی قیادت بزنس کمیونٹی کی حقیقی معنوں میں خدمت کرتی آرہی ہے اور یو بی جی کا پرچم بلندکیا ہے ،ہم نے جو مشن یو بی جی کی نئی قیادت کو سونپا ہے انہوں نے انتخابی مہم اور جدوجہدکا آغاز کردیا ہے۔ واضح رہے کہ چکوال میں صنعت کاروں اور تاجروں کی مسلسل محنت اور سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری اور گروپ لیڈر چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قاضی اکبر کی مسلسل کاوشوں سے چکوال چیمبر کی عمارت کے لئے اراضی حاصل کر لی گئی ۔ ایس ایم منیر نے چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت کی تعمیر کے لئے تختی کی نقاب کشائی کی اورباضابطہ عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ایس ایم منیر اور زبیرطفیل کی جانب سے دس دس لاکھ روپے اورظفربختاوری کی جانب سے 20 لاکھ روپے چکوال چیمبر کی تعمیر کیلئے دینے کا اعلان کیا گیاجبکہ چکوال کی بزنس کمیونٹی بھی چکوال چیمبر کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے کے فنڈز دے گی۔