اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ اے پی پی) کرونا وائرس کے پھیلائو میں تیزی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 37 افراد انتقال کر گئے۔ مثبت کیسز کی شرح 5.25ریکارڈ کی گئی۔ اب تک ملک بھر میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 22ہزار 848ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 93ہزار 872ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 40ہزار 805ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2145افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی صدارت میں این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں عیدالاضحی سے متعلق ایس او پیز عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد، کراچی سمیت گلگت بلتستان میں کرونا وباء کے پھیلائو پر غور کیا گیا۔ این سی او سی نے حکومت سندھ کے کرونا روکنے کے اضافی اقدامات پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں کرونا پھیلائو کے مدنظر 500 آکسیجن سلنڈر اور 30وینٹی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبوں کو عید پر ایس او پیز پر عمل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فورم کو ویکسی نیشن کی استعداد بڑھانے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں روزانہ ساڑھے 5 لاکھ ویکسین لگائی جا رہی ہیں۔ ملک میں صرف عیدالاضحی کے دن ویکسین مراکز بند رہیں گے، تاہم بیرون ملک جانے والوں اور طلباء کیلئے موڈرنا ویکسین فراہمی بڑھائی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بیرون ملک جانے والے افراد اور طلبا کے لئے موڈرنا ویکسین کی وافرمقدار ویکسینیشن سینٹرز کو مہیا کر دی گئی ہے۔ عید کے موقع پر این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور عید کی نماز اور قربانی کے حوالے سے کرونا کیلئے مروجہ مخصوص ایس او پیز پہ عمل درآمد کو نہایت اہم قرار دیاگیا۔ اس ضمن میں تمام صوبوں کی انتظامیہ کو ایس او پیز پہ عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ پیر کے روز پہلی دفعہ پاکستان میں ایک دن میں 6 لاکھ سے زیادہ ویکسی نیشن کی گئی۔ ویکسی نیشن کی بڑھتی ہوئی تعداد حوصلہ افزا ہے۔ ویکسی نیشن میں اور تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ امریکی تحقیقاتی گروپ نے بھارت میں کرونا سے اموات پر تحقیقی رپورٹ جاری کی ہے۔ بھارت میں کرونا سے اموات موجودہ اعداد و شمار سے 10 گنا زیادہ ہو سکتی ہیں۔ بھارت میں کرونا سے اموات کی تعداد 3.4 سے 4.7 ملین تک ہو سکتی ہے۔ چین سے کرونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ پی آئی اے کا طیارہ 7 لاکھ ویکسین ڈوز لے کر اسلام آباد پہنچ گیا۔ چین سے 20 لاکھ سائینو فارم، 55 لاکھ سائینو ویک ڈوز لائی جا چکی ہیں۔ کرونا ویکسین کی کھیپ فیڈرل اے پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کر دی گئی۔ بیجنگ سے مذید ویکسین بھی آئے گی۔ رواں ماہ چین سے 75 لاکھ کرونا ویکسین ڈوز لائی جا چکی ہیں۔ پاکستان نے 20 لاکھ سائنو فارم ڈوز چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔
کرونا :37اموات، بھارت میں ہلاکیتں 10گنا زیادہ ہو سکتی ہیں: امریکی رپورٹ
Jul 21, 2021