ہر قربانی کیلئے تیاری کامیابی کی  کنجی، صدر ایثار کے بغیر ترقی نا ممکن: وزیر اعظم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر عارف علوی نے  عیدالاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث بنے۔ عیدالاضحی کا مبارک موقع حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کے ایثار و قربانی اور اللہ تعالی کی اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ اس وقت دنیا بھی کرونا وبا کے عالمی امتحان سے گزر رہی ہے ۔ اس وبا نے تمام انسانیت کو کسی نہ کسی طرح متاثر کیا ہے۔ بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ پاکستانی قوم سے درخواست ہے کہ وہ اس عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران نے کہا ہے کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلی مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، حکومت مختلف سکیموں کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم کی اطاعت اور حضرت اسماعیل کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے، آج کے دن ان عظیم شخصیتوں نے اطاعت اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اللہ تعالی کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک امت محمدی کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا جذبہ ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، یہی وہ جذبہ تھا جس کے تحت پاکستانی قوم نے کرونا  وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلہ سے کی ہے۔ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آ چکی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی پیش کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا عید الاضحی ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے اور اس موقع پر ہمیں نادار اور ضرورت مند افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھنا چاہئے اور دل کھول ان کی مدد کرنی چاہئے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے تہوار سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ملک و قوم کو ضرورت پڑنے پر ہمیں کسی بھی قربانی  سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے بھارتی غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر میں آزادی کی خاطر دی جانے والی کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس خوشی کے موقع پر اپنے ان کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہے۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے مقدس اسلامی تہوار کے حقیقی درس کو سمجھنے کی اہمیت موجودہ دور میں بہت بڑھ گئی ہے۔ دنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام مبارک باد کے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ قربانی کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر اپنے رب کریم کے حکم کے تابع کرنا اور اپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے وقف کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...