کنیز دوم مفرور لیڈر، راجکماری کی جعل سازیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتیں: فردوس عاشق  

Jul 21, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کنیز دوم اپنے مفرور لیڈر اور جعلی راجکماری کی جعلسازیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔ علاج کا ڈرامہ رچا کر ملک سے بھاگنے والا لیڈر نہیں بلکہ بھگوڑا ہوتا ہے۔ نام نہاد شریف خاندان کا فنکاری میں کوئی ثانی نہیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ کنیز دوم کا یہ فراڈیہ خاندان جعلی فونٹ اور جعلی تصویروں کا ماہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوڑے لیڈر اور جعلی راجمکاری کی اس زرخرید کنیز کو پہلے بھی ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ استعفوں کی خالی پلیٹ ابھی تک ان کا منہ چڑا رہی ہے اور لانگ مارچ کی حسرت ارمانوں میں بہہ چکی ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس کنیز کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے قد کے حساب سے بیان دے کیونکہ نااہل لیگ کی وکالت اب اس کے بس کی بات نہیں۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں واضح شکست دیکھ کر پورا ٹولہ بوکھلا چکا ہے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان کے سند یافتہ لٹیروں اور چوروں کی ہار دیوار پر لکھی ہوئی ہے۔  فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ شوباز حکومت نے قوم کو زیور تعلیم سے محروم رکھنے کیلئے شعبہ تعلیم کیساتھ کھلواڑ کیا۔ پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت قوم کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب بھر میں یونیورسٹیوں کا جال بچھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں21 نئی یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں