امت مسلمہ’ شیاطین ثلاثہ ‘سے نجات پائیں، حامد موسوی 

راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ عید الاضحی تقاضا کررہی ہے کہ امت مسلمہ’ شیاطین ثلاثہ‘ امریکہ بھارت و اسرائیل سے نجات حاصل کریں بصورت دیگر جاسوسیوں اور سازشوں کا شکار ہوتے رہیں گے ، مسلم ممالک کی سائنس و ٹیکنالوجی میں پسماندگی نے انہیں استعمار کا محکوم بنا دیا ہے علمی میدانوں میں کمال حاصل کرنا ہوگا ، مسلم ممالک سنت ابراہیمی کا فلسفہ فراموش کر چکے ہیں اور شیاطین عصر کی قربت کیلئے دیوانے ہوتے چلے جار ہے ہیں ، مسلم ممالک کی بھارت و اسرائیل پر فریفتگی قربان گاہ کشمیر و فلسطین کی توہین ہے ،حج اور عید الاضحی قربانی و ایثار اور شعائر اللہ کی تعظیم کا درس جاودانی ہیں لیکن اس کے باوجود مسلمانوں کے  مقدس مقامات حسرت و یاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں عالم اسلام شعائر اللہ کی تعظیم کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے جنت البقیع اور جنت المعلی کی عظمت رفتہ بحال کرائے، منی و کربلا سے پھوٹنے والے قربانی کے سرچشموںنے آب حیات بن کر پیغام توحید کو ابدیت عطا کردی، قربانیاں دین اسلام کا حصار و قلعہ ہیں جنہیں کوئی نمرود و یزید مسخر نہیں کر سکتا، مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے افغانستان سمیت مسلم ممالک کے مسائل کو اوآئی سی کے فورم پر حل کیاجائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔

ای پیپر دی نیشن