لاہور/ اسلام آباد/ چنیوٹ/ کمالیہ/ سیالکوٹ/ چناب نگر (نیوز رپورٹر+ نیٹ نیوز+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا۔ پی ڈی ایم اے خیبر پی کے کے مطابق بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی سے 6 افراد جاں بحق 7 زخمی ہو گئے۔ کامونکے میں دیوار گرنے سے نوجوان‘ داؤد خیل میں چھت گرنے سے 7 سالہ بچی بھی جاں بحق ہو گئے۔ چنیوٹ میں حادثات کے باعث کمسن بہن بھائی سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ دیگر علاقوں میں بھی حادثات سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق بارش کے باعث پنجاب میں حادثات سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ چناب نگر‘ کامونکے‘ چنیوٹ‘ جھنگ‘ کمالیہ‘ نوشہرہ ورکاں‘ سیالکوٹ‘ میانوالی‘ داؤد خیل اور دیگر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔ جھنگ اور مری میں بھی تیز بارش ہوئی۔ لاہور میں 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ چھتیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ مویشی منڈیوں میں بیوپاری جانوروں کو بارش سے بچانے کے جتن کرتے رہے۔ موسلادھار بارش کے باعث ائر پورٹ کے فائر سٹیشن میں پانی بھر گیا۔ رن وے اور ایپرن پر بھی پانی جمع ہو گیا۔ ایمرجنسی گاڑیاں بھی پانی اور کیچڑ میں پھنس کر رہ گئیں۔ بارش کی وجہ سے رائے ونڈ میں چھت گرنے سے 30 سالہ عارف جاں بحق جبکہ چائنا سکیم اور موہلنوال میں بھی چھتیں گرنے سے 10 افراد زخمی ہو گئے۔ تھانہ چوہنگ میں بارش کا پانی بھر گیا تاہم اس کے باوجود اہلکار اپنے کام میں مصروف رہے۔ نجی ٹی کے مطابق تیز بارش سے ندی نالے بھی بپھر گئے۔ فیصل آباد، نارووال میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سانگلہ ہل، پنڈی بھٹیاں میں جل تھل ایک ہوگیا، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ عیسیٰ خیل میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نالہ بھپر گیا۔ طغیانی سے متعدد شہروں کے راستے بند ہوگئے۔ سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پنڈدادن خان میں مسلسل موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بپھر گئے۔ طغیانی کے باعث غریب وال روال روڈ کئی جگہوں سے بہہ گئی،پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔ بارشوں اور طغیانی سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے، مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔لاہور سے نوائے وقت رپورٹ اور این این آئی کے مطابق کراچی میں دوسرے روز بھی بادلوں کا راج ہے۔ دوسری جانب دیر بالا کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیاحوں کی گاڑی برساتی نالے میں بہہ گئی اور دو افراد جاں بحق ہو گئے کوہاٹ کے قریب شکردرہ کے برساتی نالے میں 7 افراد بہہ گئے۔ لاہور میں بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔لاہور سے نیوزرپورٹر کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرٹرپ کر گئے، فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔لیسکو کے فیلڈ عملے نے بارش کے بعد زیادہ تر علاقوں کی بجلی کی سپلائی بحال کردی ہے ۔دوسری جانب لیسکو چیف چودھری امین نے عید کی چھٹیوں میں عملے کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے اور عید کی تعطیلات میں تمام علاقوں میں سپیشل دیوٹیاں لگادی ہیں اور افسران کو ہدایت کی ہے کسی بھی شکایت کو فوری دور کیا جائے ۔داؤد خیل سے نامہ نگار کے مطابق داؤد خیل کے فوجی قصبہ ٹھٹھی شریف میں مکان کی چھت گر گئی ملبے تلے دب کر سات سالہ بسمہ جاں بحق دو افراد زخمی ہو گئے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق بوسیدہ دیوار گرنے سے ملبہ تلے دب کر ستائیس سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ محلہ شریف پورہ گلی کوارٹر والی میں گزشتہ روز شدید بارش کے دوران شکستہ دیوار گرنے سے گلی سے گزرنے والا 27 سالہ نوجوان سبحان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ داؤدخیل سے نامہ نگار کے مطابق طوفانی بارشوں سے سوہان برج تا مسان ریلوے سٹیشن کے درمیان ریلوے لائن بیٹھ گئی اور ملتان میانوالی تا اٹک راولپنڈی سیکشن کی ٹرینیں روک دی گئیں۔ ماڑی تا اٹک ملتان تا راولپنڈی ٹرینیں راستے میں ہی روک دی گئیں۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں دن بھر بادل چھائے رہے اور ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر و گردونواح میں طوفانی بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر ٹریفک و دیگر حادثات میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ گلیاں و محلے دریا میں تبدیل ہو گئے۔ دریائے چناب کی سطح بھی بلند ہو گئی ہے مزید بارشوں کے باعث درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ نوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بارش سے حسب سابق گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چنیوٹ میں بارش چھتیں اور دیوار گرنے سے کمسن بہن بھائی عائشہ اور فہد خاتون شاہینہ سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق منگل کی صبح بارش نے موسم خوشگوار کر دیا گزشتہ روز 60 ملی میٹر بارش ہوئی جس سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش نے سیوریج سسٹم پر اٹھنے والے اربوں روپے کے اخراجات پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے باعث عالم چوک کے قریب بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی ملبے تلے دب کر 35 سالہ ہادیہ اور اس کا 6 سالہ بیٹا زمان شدید زخمی ہو گئے۔