اسلام آباد(صباح نیوز) دنیا کے بیشترممالک میں منگل کو عید الاضحی پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ یورپ ، امریکا،برطانیہ اور جاپان، افریقہ مشرق بعید کے ممالک ، ملائشیا، انڈونیشیا ،برونائی دار السلام، وسطی ایشیا،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک اور ترکی میں بھی منگل کے روز عید الاضحی منائی گئی ہے۔مکہ مکرمہ، مسجد الحرام میں نماز عید الاضحی ادا کرنے کے بعد مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی۔سعودی عرب میں عید کا بڑا اجتماع مسجد نبوی ﷺ میں ہوا جہاں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی اور کرونا کی وجہ سے سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر کا مکمل خیال رکھا گیا۔عید الاضحی کے موقع پرکورونا وبا کے خاتمے اورامت مسلمہ کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔امریکہ، برطانیہ اور جاپان میں بھی آج عید الاضحی منائی جا رہی ہے اور مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔