راولپنڈی(جنرل رپورٹر)پنجاب میں پھل کی مکھی کی چار اقسام پائی جاتی ہیںاوریئنٹل پھل کی مکھی،آڑو کی مکھی ،خربوزہ کی مکھی اوربیر کی مکھی۔تمام مکھیوں کا دوران زندگی تقریبا ایک جیسا ہوتا ہے۔مارچ سے لے کر نومبر تک ان کی تعدادزیادہ ہوتی ہے ۔پھل کی مکھی اپنی افزائش نسل پھل کے اندر ہی رہ کر کرتی ہے اور بڑی ہو کر پھل سے زمین میں داخل ہوجاتی ہے اور پیوپے کی شکل میں زمین میں رہتی ہے پھر خول اتار کر پروانے کی صورت میں زمین سے باہر آکر نر اور مادہ ملاپ کرتے ہیں۔ مادہ مکھی ملاپ کے بعد پھر پھل کے اندر انڈے دیتی ہے اور اپنی افزائش نسل جاری رکھتی ہے۔ نر مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے فیرومون، میتھائل یوجینال اور پروٹین ہائیڈرولائزیٹ کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ پھل کی مکھی کے لئے بے حد کشش رکھتا ہے۔ فیرومون پھندے کے استعمال سے پھلوں کے باغات میں پھل کی مکھی کے طریقہ انسداد کو بہتر بنایا گیا ہے جو نر کیڑے کے انسداد کا بہترین علاج ہے۔ فیرومون محلول میتھائل، یوجینال اور میلاتھیان سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس محلول میں ڈبو کر پلاسٹک کے گول پھندے میں ڈال دیا جاتا ہے جس کی شرح 6 پھندہ فی ایکڑ ہوتی ہے اور اس طرح پھل کی مکھی کا حملہ کافی حد تک کم ہوجاتا ہے ۔