ویلفیئر سوسائٹی اجالا کی اہلیان غورغشتی کیلئے روزگار سکیم 

Jul 21, 2021

کامرہ کینٹ ( نامہ نگار ) ضلع اٹک کی بڑی اور چھچھ کی مثالی ویلفیئر سوسائٹی اجالا نے غریبوں کی مدد، ایمبولینس، صحت، تعلیم، مستحقین شادی فنڈز کے بعد اہلیان غورغشتی کیلئے روزگار سکیم بھی شروع کر دی، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول غورغشتی کے ہال میں منعقدہ پروقار تقریب میں 70لاکھ روپے فنڈز سے 120افراد کو لوڈر رکشے، تیز رفتار رکشے، پلمبر، الیکٹریشن، حجام، کریانہ سٹور، ٹیلر ماسٹر اور دیگر روزگار کیلئے میرٹ کے مطابق اشیا اور خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کر دیں، مقررین کی جانب سے بانی اجالا سابق ناظم غورغشتی جمیل خان، اندرون و بیرون ممالک مخیر حضرات اور اجالا ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا، تقریب میں چیف آفیسر ٹی ایم اے حضرو چوہدری تنویر عباس، بلدیہ آفیسر عبداللہ خان، پرنسپل رفاقت خان، نثار علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اٹک محمد زبیر، انچارج حضرو محمد خالد، صفدر خان صدر اجالا بریڈ فورڈ،جہانزیب خان ممبر اجالا ہانگ کانگ، صدر شوکت سلیم، جنرل سیکرٹری سعید الرحمن، فنانس سیکرٹری واثق خان اجالا، جنرل منیجر حافظ فیض الرحمن، مختلف فلاحی تنظیموں کے عہدیداران، معززین اور اہل علاقہ نے شرکت کی،اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری تنویر عباس نے اجالا کو زبردست الفاظ میں سراہا اور برملا اظہار کیا کہ فلاح و بہبود کیلئے جو کچھ اجالا غورغشتی کررہی ہے اور جو سامان ان کے پاس موجود ہے وہ شاید ٹی ایم اے کے پاس بھی نہ ہو، ماسٹر ظہور احمد، حافظ فیض الرحمن، سعید الرحمن، محمد زبیر اور دیگر مقررین نے اجالا کے نئے منصوبے پر دل کھول کر داد دی اور اجالا کے بانی صدر سابق ناظم جمیل خان کو بھر پور الفاظ میں خراج تحسین کیا.

مزیدخبریں