کراچی (نیوزرپورٹر)ضلع وسطی کے عوام اس مرتبہ بارش کے سبب کسی غیر معمولی پریشانی کا شکار نہیں ہوئے ۔ بلدیہ وسطی کے سینی ٹیشن اور ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا عملہ دن رات مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں مصروف رہا جس کے سبب بلدیہ وسطی کے عوام کوبارش کے سبب کسی قسم کی غیر معمولی پریشانی کا سامنا نہیں کرناپڑا۔تاہم بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹر دھاریجو اور میونسپل کمشنر محمد علی زیدی کی مشترکہ کاوشوں کے سبب موسمِ باراں کے انتظامات کے ساتھ ساتھ عید الاضحی کے تین دنوں کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ عیدگاہوں کی صفائی ستھرائی کاکام جنگی بنیادوں پر جاری ہے جہاں نشیبی علاقے کے سبب بارش کا پانی جمع ہے وہاں پانی کو خشک کرنے کے لئے سینی ٹیشن کا عملہ مصروف ہے ضلع وسطی کی تمام کچرا کنڈیوں سمیت دیگر مقامات سے کچرے کو اٹھا کر لینڈفل سائیڈ منتقل کیا جارہا ہے جبکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کے لئے ضرورت کے مطابق بلدیہ وسطی کے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ میں دستیاب گاڑیوں کے علاوہ نجی ٹرانسپورٹرز سے بھی سوزوکیاں، ٹرکس، ٹریکٹرز اور دیگر گاڑیاں کرائے پر بک کرلی گئی ہیں جبکہ اضافی افرادی قوت کے لئے روزآنہ اجرت پر مزدور بھی لئے جارہے ہیں تاکہ بلدیہ وسطی کے تمام زونز میں صفائی بہتر سے بہتر طور پر انجام دی جاسکے۔ اس سلسلے میں جانوروں کی آلائشیں اور کچرا اٹھانے کے لئے خصوصی مقامات مختص کردئے گئے ہیں تاکہ عوام اور بلدیاتی عملہ ایک دوسرے کے تعاون سے صفائی کو قائم رکھیں اور ضلع وسطی کو ہر قسم کے کچرے اور گندگی سے پاک رکھا جاسکے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جانوروں کی آلائشیں اور کچرا مخصوص کچر اکنڈیوں میں ڈالیں۔