مہاجروں کی منزل کا تعین ہوچکا‘ صوبہ بناکر رہینگے‘ رہنما ایم کیو ایم

میرپورخاص (بیورورپورٹ ) ایم کیوایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں مہاجر حقوق ریلی کی فقیدالمثال کامیابی پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، اراکین رابطہ کمیٹی،تمام ذمہ داران و کارکنان اور کراچی کے عوام کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کے عوام بھی اپنے سلب شدہ حقوق کے حصول کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھو دیش کے ایجنڈے پر کاربند حکومت سندھ کی متعصبانہ پالیسیاں مسترد کرتے ہیں۔مہاجروں کی منزل کا تعین ہوچکا، اب سڑکوں پر نکلیں گے۔صوبے کے آئینی و قانونی مطالبے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے ہوش کے ناخن لیں۔ملک کو دو لخت کرنے والوں کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں گے۔مہاجروں کو حق حکمرانی اور حق نمائندگی دیا جائے۔ارباب اختیار مہاجروں کی ملکیت ، متروکہ سندھ کی زمین متعصب جاگیرداروں سے واگزار کرائیں  مہاجروں کی شناخت اورحقوق کے حصول کے لئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم ،ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے سابق ایم پی اے و سابق حق پرست وائس چیئرمین فرید احمد خان کی ہمشیرہ کے انتقال پر سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت و بلنددرجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن