پولیس اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ میں کارکردگی دکھانا ہوگی: سی پی او

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سٹی پولیس آفیسررائے اعجاز احمدنے اشرف مارتھ شہید پولیس لائن میں الیٹ فورس، ڈولفن فورس اور اے آر یو کے جوانوں سے خطاب کیااور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور اے آر یو کے جوانوں کو تعریفی سرٹیفیکیٹ اور نقد انعام سے نوازااورکہا کہ شہر کو کرائم فری بنانے اور اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔ سی پی او نے ڈولفن فورس کے اہلکاروں سے کہا محکمہ کو اس فورس سے بہت سی امیدیں ہیں اسی لیے آپ کو جدید موٹر سائیکل،اسلحہ،وائر لیس اورمخصوص یونیفارم سے لیس کیا گیا ہے تاکہ آپ لوگ اپنی ڈیوٹی بہترین انداز میں سر انجام دے سکیں۔دوران ڈیوٹی عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ لوگوں میں محکمہ پولیس کا اچھا امیج اور احساس تحفظ پیدا ہو۔ سی پی او نے ایلیٹ فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس اپنے شہریوں کی نہ صرف حفاظت کرے گی بلکہ اگر مجرموں سے آمناسامنا ہو جائے تو اس فورس کے جوان جرات اور بہادری کا مظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار دوران ڈیوٹی صاف ستھری وردی پہنیں،بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاجان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض ِ منصبی سرانجام دینے والے پولیس افسران و جوانوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈ کواٹرز عبدالقیوم گوندل بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن