لاہور(وقائع نگار) پرانی انارکلی کے علاقے میں وکلاء نے چالان کرنے پر ٹریفک وارڈن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک وارڈن اکرم نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے پر چالان کیا اور کاغذات نہ دینے پر موٹرسائیکل تھانہ پرانی انارکلی میں بند کروادی جس پر ایک گھنٹے بعد 10 سے 15 وکلا ء نے پی ایم جی چوک پر موجود نہتے وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایس پی ٹریفک شہزاد خان کے مطابق وکلاء نے اپنے عزیز کا چالان کرنے پر وارڈن کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے اکرم شدید زخمی ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگیا۔ وارڈن کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ دوسری جانب سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وارڈن کے بہترین علاج کی ہدایت اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے تشدد کرنے والے وکلا کے لائسنس معطلی کیلئے پنجاب بار کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔