لاہور (وقائع نگار‘ نیوز رپورٹر‘نامہ نگار) نشتر کالونی میں تین بچے جوہڑ میں ڈوب گئے۔ بچوں کے لواحقین کی آہ ہ بکا کے رقت آمیز مناظر دیکھ کر ہر شخص کی آنکھ آشکبار ہو گئی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے جوہڑ میں گرے اور ڈوب گئے۔ جاں بحق بچوں میں 11 سالہ ظفر، 4 سالہ غنچہ گل اور 6 سالہ آئمہ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور غم کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے جھنگ کے علاقے میں پی پی 125 سے ٹی ایل پی کے امیدوار افتخار احمد خان بلوچ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ تشدد کرنے والے ملزموں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تشدد کا نشانہ بننے والے افتخار احمد خان بلوچ کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔کاہنہ سے نامہ نگار کے مطابق بچوں کے شور مچانے پر اہل محلہ نے سخت محنت کے بعد انہیں پانی سے باہر نکالا جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ کالونی سے ملحقہ زمینوں کے مالکان نے اپنی زمینوں سے کئی فٹ مٹی کھدوا کر بیچ دی ہے اورگہرے گڑھے بن گئے ہیں جو بارشی پانی سے بھر جانے سے حادثات کا باعث بنتے ہیں۔