اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) جمہوریہ ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے وزیر دفاع خواجہ محمدآصف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ترکیہ سفیر مہمت پاچاجی سے گفتگو کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی ابھرتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مفاہمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ "پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہب، ثقافت، اقدار، تہذیب اور تاریخی روابط، باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی مثالی برادرانہ تعلقات ہیں"۔ وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر اور پانی کے بحران کا ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں مرکزی کردار ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت خطے میں دیرپا امن کے لیے منصفانہ حل ضروری ہے۔ وزیر دفاع نے اس حقیقت کو بھی سراہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی مشغولیت، دفاعی صنعتی تعاون اور تربیت، وفود، کورسز اور مشترکہ مشقوں کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے پاکستان کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔ دونوں اطراف نے سلامتی، انسداد دہشت گردی اور خطے میں ترقی پذیر صورتحال سے نمٹنے سمیت مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔