کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے ترقیاتی عمل کو نتیجہ خیز بنانا ضروری ہے، صوبہ سندھ میں خواتین، بچوں اور اقلیتوں کے حقوق کے لئے بہترین قانون سازی کی گئی ہے، سندھ اسمبلی نے اب تک انتہائی فعال اور ترقی پسند کردار ادا کیا ہے، سندھ حکومت اور اس کے ماتحت بلدیاتی ادارے ترقیاتی کاموں کو مفید اور بامقصد بنانے کے لئے وفاقی سطح پر ہونے والی تمام کوششوں میں ہرممکن تعاون کریں گے، یہ بات انہوں نے وزیر مملکت اور کنوینر نیشنل پارلیمنٹری ٹاسک فورس برائے ایس ڈی جیز رومینہ خورشید عالم کی سربراہی میں سندھ کا دورہ کرنے والے وفاقی پارلیمانی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں رکن قومی اسمبلی شازیہ سومرو بھی شامل تھیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی حکمت عملی کے لئے قومی اسمبلی کی ٹاسک فورس کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم پائیدار ترقیاتی مقاصد پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومتوں کے مابین موثر رابطے اور تعاون کی فضا قائم کرنی ہوگی تاکہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچ سکیں اور شہری سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو، انہوں نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع کرکے شہریوں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں جن جگہوں پر ترقیاتی منصوبے بنائے جا رہے ہیں وہاں مقامی لوگوں اور متعلقہ اداروں کو ترقی کے عمل میں شامل رکھا جا رہا ہے، ترقیاتی کاموں کے لئے بجٹ کی تخصیص سے لے کر عملدرآمد تک ہر مرحلے کی مکمل نگرانی کی جاتی ہے جس میں منتخب عوامی نمائندوں کو بھی شامل رکھا گیا ہے، اولین ترجیح موجودہ شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو دی گئی ہے، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں ہونے والے ترقیاتی کام اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر مبنی کاموں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور اس حوالے سے ترقیاتی عمل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، مستقبل میں بھی یہی حکمت عملی ہمارے پیش نظر رہے گی تاکہ سندھ کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے سرفہرست بنایا جا سکے۔