کراچی ( نیوز رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیروترقی،امن اورمحفوظ مستقبل کے لیے مخلص ودیانتدار قیادت کا انتخاب وقت کی ضرورت ہے،عوام کا صحیح وغلط ووٹ اندھیروں میں مزید اضافہ اورروشنی کی نوید بھی بن سکتا ہے،اس لیے 24جولائی کے بلدیاتی انتخابات میں عوام مخلص قیادت کا انتخاب کرکے اپنے شعور کا مظاہرہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذدرآباد یوسی 5میں انتخابی مہم کے دوران کارنرمیٹنگ،معززین علاقہ سے خطاب کے دوران کیا۔ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین عدنان چوہان،وائس چیئرمین سید صبغت اللہ شاہ ودیگرمقامی رہنما ساتھ موجود تھے۔صوبائی امیر نے کہاکہ ڈالر کی مسلسل اونچی اڑان اورمہنگائی کا طوفان حکمرانوں کی نااہلی اوران کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔عوام کراچی کے محفوظ مستقبل ،پائدار امن اورچمکتا،مہکتا،دمکتا کراچی کے لیے 24جولائی کوترازو پرمہرلگائیں ،محمد حسین محنتی نے پٹیل پاڑہ،لسبیلہ اوربلوچ پاڑہ میں بھی بلدیاتی انتخابی مہم کا دورہ اورالیکشن دفاترکا افتتاح کیا۔