تاریخ اسلام ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے کہ شمع رسالت ؐ کے پروانوں نے نہ صرف حضور پاک ؐ کی زندگی میں ان سے محبت و اطاعت کی بلکہ حضور ؐکریم کے بعد بھی آج تک نہ صرف حیات طیبہ و سیرت طیبہ سے والہانہ محبت کرتے ہیں بلکہ حضرت محمد ؐ کے اسم مبارک پر مرمٹنے کو عارضی زندگی پر فوقیت دیتے ہیں اور یہی دراصل شمع رسالت ؐ کے پروانوں کی محبت کا عملی ثبوت ہے ۔شمع رسالت ؐ کے پروانوں میں ایک معتبر نام غازی علم الدین شہیدؒ کابھی ہے جنہوںنے حب رسول ؐکے سامنے اپنی زندگی کا نذرانہ پیش کرکے نہ صرف شہادت کو گلے لگایا اور اپنی آخرت سنوار لی بلکہ رہتی دنیا تک اسلام کے شیدائیوں میں اپنانام رقم کرگئے یہ روایت زبان زد عام ہے کہ علم الدین ابھی ماں کی گو د میںہی تھے کہ ایک روزان کے گھرکے دروازے پرکسی بزرگ ہستی نے دستک دی اور صدا لگائی ۔علم الدین کی والدہ ماجدہ انہیں گود میں اٹھائے اس بزرگ سوالی کو اپنی استطاعت کے مطابق کچھ دینے کیلئے گئیں تو جب اس بزرگ سوالی نے علم الدین کو دیکھا تو بے اختیار اس کے منہ سے نکلا کہ تیرا بیٹا بڑے ہی نصیب والا ہے اور اللہ نے تم پر بڑا احسان کیاہے۔غازی علم الدین شہید ؒکو6اپریل 1929ء سے قبل ان کے خاندان کے علاوہ کوئی نہیں جانتاتھا لیکن اس تاریخ نے علم الدین کو زندہ جاوید کردیا اور یوں اس دنیا کے ساتھ ساتھ ان کی عاقبت بھی سنور گئی ۔غازی علم الدین شہید ؒ نے محبت رسولؐکے حقیقی تقاضے نبھاتے ہوئے ایک شاتم رسول کو نیست ونابود کرکے نہ صرف مسلمان قوم کو بیدار کیابلکہ دنیا کی دوسری اقوام کو بھی واضح طور پر سبق دیاکہ وہ بھی ہمارے رسول اکرم ؐ کا اسم گرامی کبھی بھی بدتہذیبی کے ساتھ اپنے لبوںپر یا کتابوں میںلانے کو ہرگز کوشش نہ کریں کیونکہ تاقیامت ہر دور میں جب جب شاتم رسول پیدا ہوں گے تب تب غازی علم الدین کی تاریخ دہرائی جاتی رہے گی ۔ 1929ء کا یہ دور ہندوستان کی تاریخ میں بڑا ہنگامہ پرور دور تھا ۔ہندو مسلمانوں کو نیچا دکھانے اور ان کے دین کو رسوا کرنے کیلئے ذلیل ترین ہتھکنڈے استعمال کررہے تھے ۔اس زمانے میں ایک ہندو پروفیسر جتنا منی ایم اے نے رسول مقبولؐ کے متعلق ایک کتاب شائع کی جس میں سرکار دو عالمؐ کی ذات پر رکیک حملے کئے گئے تھے ۔اس کتاب کا ناشر راج پال ناچار یاتھا ۔مسلمانانِ پنجاب میں اس کتاب کی اشاعت پر شدید غم وغصہ کی لہر دو ڑگئی اور اُنہوں نے بیک زبان مطالبہ کیا کہ یہ کتاب فوراً ضبط کی جائے اور اس کے مصنف اور ناشر کو سخت سزادی جائے ۔علم الدین ان حالات سے بے خبر تھے۔ ایک روز وہ حسب معمول کام پر گئے ہوئے تھے ،غروب آفتاب کے بعد جب و ہ واپس گھر جارہے تھے تو دلی دروزاہ میں لوگوں کاایک ہجوم دیکھا ،ایک جوان کو تقریر کرتے ہوئے دیکھا ۔وہ رُکے کچھ دیر کھڑے سنتے رہے لیکن ان کے پلے کوئی بات نہ پڑی ۔قریب کھڑے صاحب سے انہوں نے دریافت کیا تو اُنہوںنے علم الدین کو بتایا کہ راج پال نے نبی کریمؐ کے خلاف کتاب چھاپی ہے اس کے خلاف تقریریں ہورہی ہیں۔کچھ دن گزرنے کے بعد علم الدین حسب معمول کام سے گھر واپس آئے۔ اس دن وہ بہت تھکے ہوئے تھے رات کو جلدی سوگئے اس روز خواب میں ایک بزرگ انہیں ملے اور انہیں کہا کہ علم الدین تم ابھی تک سورہے ہو تمہارے نبی کریمؐ کی شان کے خلاف اسلام دشمن کھلم کھلا کاروائیوں میں لگے ہوئے ہیں، اُٹھوجلدی کرو علم الدین ہڑبڑاکر اُٹھ بیٹھے۔ رات آدھی سے زیادہ بیت چکی تھی ان کا تمام جسم پسینے میں شرابور تھا۔ 6اپریل 1929ء کو تیز تیز قدم اُٹھاتے ہوئے آپ انار کلی میں داخل ہوگئے اس وقت دن کے ایک بج کر پچاس منٹ ہوئے تھے ۔انارکلی میں ہسپتال روڈ پر عشرت پبلشنگ ہائوس کے سامنے ہی راج پال کا دفتر تھا جہاں وہ بیٹھا کرتاتھا ۔اس وقت راج پال کے دو ملازم کدارناتھ اور بھگت رام بھی وہاں موجود تھے ۔کدار ناتھ پچھلے کمرے میں کتابیں رکھ رہاتھا ۔راج پال نے درمیانے قد کے گندمی رنگ والے جوان کو دفتر کے اندر داخل ہوتے دیکھ لیا۔وہ سوچ بھی نہیں سکتاتھا کہ موت اس کے اتنے قریب آچکی ہے ۔علم الدین سیدھے اسی کی طرف آرہے تھے ،راج پال کے سامنے پڑی میز کے قریب آکر راج پال اور موت کے درمیان اب صرف چند بالشت کا فاصلہ رہ گیا تھا، اسی لمحے بھگت رام الماری میں رکھی کتابوں کی جھاڑ پونچھ کیلئے بڑھا۔علم الدین راج پال کو پہچان گئے تھے۔ پلک جھپکنے میں انہوں نے ڈھپ سے چھری نکالی ہاتھ فضا میں بلند ہوا اور پھر راج پال کے جگر پر جالگا ۔چھری کا پھل راج پال کے سینے میں اتر چکا تھا ایک ہی وار اتنا کار گر ثابت ہواکہ راج پال کے منہ سے صرف ہائے کی آواز نکلی اور وہ اندھے منہ زمین پر جا پڑا۔شاتم رسول کے قتل کرنے کے بعد علم الدین کو چین آیا۔
شمع رسالت ؐ کا پروانہ
Jul 21, 2022