راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے حکومت سے ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مالی بجٹ برائے سال 2022-23میں انکم ٹیکس کے حوالے سے قانونی سقم دور کیے جائیں، پالیسی سازی کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جائے، ان خیالات کا اظہار صدر آر سی سی آئی چوہدری ندیم اے رؤف نے چیمبر میں فیڈریشن آف رئیلٹرزکے وفد سے ملاقات میں کہی۔ فیڈریشن آف رئیلٹرزکے وفد میں چیئرمین مسرت اعجاز،صدر سردار طاہر،اور دوسرے عہدے داران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پرگروپ لیڈر سہیل الطاف ، سابق صدر راجہ عامر اقبال، سینئر نائب صدر عاصم محمود ملک، نائب صدر طلعت اعوان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔ملاقات میں رئیل اسٹیٹ کو درپیش اہم مسائل، خاص طور پر بجٹ میں ایناملیزکے خاتمے اور ٹیکس کے دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ندیم رئوف نے کہا کہ ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس لگنے سے غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس پر نظرثانی کرے کیونکہ اس ٹیکس کی وجہ سے ملک میں تجارتی سرگرمیاں روک گئی ہیں۔ تعمیراتی صنعت کا بنیادی حصہ ہونے کے ناطے رئیل اسٹیٹ میں 40 سے زیادہ متعلقہ صنعتیں ہیں۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے تجویز دی کی کسی بھی فرد کی ڈکلیئرڈ پراپرٹیز کو ڈیمڈ رینٹل انکم ٹیکس سے خارج کر دیا جائے۔ کوئی بھی پالیسی وضع کرنے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا چاہیے۔