وفاقی وزیر مواصلات کا ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا ہنگامی دورہ

Jul 21, 2022

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کا  ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا ہنگامی دورہ،ریسٹ ایریاز میں مسافروں کو فراہم کی گئیں بنیادی سہولیات کا جائزہ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہکلہ۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے سروس ایریاز / ریسٹ ایریاز میں سفر کرنے والے مسافروں کو ہر ممکن بہتر سہولیات کی ہمہ وقت فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ہم ریسٹ ایریاز میں مسافروں کو پانی،واش روم،مسجد اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے این ایچ اے حکام پر زور دیا کہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر محفوظ تر اور سہل بنانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پروفاقی وزیر مواصلات کو بتایا گیا کہ جن ریسٹ ایریاز میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے وہ آئندہ تین ماہ کے اندر پوری کر دی جائے گی۔وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا اور این ایچ اے کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ ملک بھر میں ای ٹیگ کا مکمل نظام رائج ہونے کے بعد موٹرویز پر نہ صرف محصولات کی وصولی کا نظام فعال او رمتحرک ہوجائے گا، بلکہ ٹریفک بھی بلا رکاوٹ رواں دواں رہے گی۔اس دوران وفاقی وزیر نے ڑوب روڈ کے پیکج۔1  یارک تا سگو شاہراہ کے تعمیری کام کا بھی جائزہ لیا اور اس روڈ کی مزید بہتری اور اسے دوہرا کرنے کے حوالہ سے عالمی معیار اور اس کے تعمیر ی عمل کو مزید تیز کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ ان اضلاع سے جڑی شاہراہیں عوام کو زرعی اور معاشی ترقی سے ہمکنار کرنے میں مدد دے سکیں۔
ہنگامی دورہ

مزیدخبریں