لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامک ریسرچ کونسل پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن کیلئے آج پھر کردار فاروقی کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔حضرت سیدنا عمر فاروقؓ کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ آپ کے دور میں اسلامی فتوحات 22 لاکھ مربع میل تک پھیل گئی تھیں۔مسلم حکمران سیدنا فاروق اعظم کے طرز حکمرانی کو اپنائیں تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی۔ خلیفہ دوئم نے عدل و انصاف کی حکمرانی قائم کی۔ آپ کا دور خلافت عالم اسلام کے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہادت سیدنافاروق اعظمؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا خلیفہ دوم، مرادِ رسول، جلیل القدر صحابی رسول اور امت کے ایک عظیم منتظم تھے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے انسانیت کو عدل، انسانی بہبود کا ویژن، دفاع اور پولیسنگ کا نظام دیا۔ آپؓ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت کی حدود لامحدود ہوئیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کے رول ماڈل انتظامی، فلاحی اقدامات کا 14 سو سال کے بعد بھی اعتراف کیا جاتا ہے۔ سیدنا عمر فاروق کا دور خلافت عدل و انصاف اور اسلامی فتوحات سے عبارت ہے۔ کانفرنس سے ارشدجاوید مصطفائی،ڈاکٹر حسیب قادری، صاحبزادہ پیر معاذ المصطفی قادری،مفتی محمداکبر نقشبندی،محمد اکرم رضوی،عامر اسماعیل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
دنیا میں امن کیلئے کردار فاروقیؓ کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے:مفتی محمد کریم
Jul 21, 2023