لاہور اسلام آباد (خبر نگار+ اے پی پی) احتساب عدالت کے جج قمرالزمان نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، نصرت شہباز، حمزہ شہباز سمیت16 ملزموں کو بری کر دیا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے شہباز شریف دیگر کی بریت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ عدالت نے عدم پیشی پر اشتہاری قرار دی گئی رابعہ عمران کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ ریفرنس میں سلمان شہباز، رابعہ شہباز و دیگران کو نامزد کیا گیا تھا۔ شریف فیملی سمیت دیگر پر7 ارب 32 کروڑ سے زائد کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کا الزام تھا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور کی احتساب عدالت سے بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدترین میڈیا ٹرائل اور بے گناہی کی قید کا آج کوئی ازالہ ہو سکتا ہے؟ سیاسی انتقام کی آگ میں جلنے والوں کو دنیا میں تو جواب مل گیا لیکن انہیں آخری اور سب سے بڑی عدالت میں اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہا الحمد للہ لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کے سیاسی انتقام پر مبنی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں آج مجھے اور حمزہ شہبازکو بری کر دیا، جس پر اللہ تعالی کا جتنا شکر ادا کیا جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام میں لتھڑا یہ وہی مقدمہ ہے جس میں برطانیہ کی عالمی ساکھ رکھنے والی نیشنل کرائم ایجنسی نے تین ممالک میں 40 سال کا ریکارڈ دو سال تک کھنگالا اور کچھ نہ ملنے پر ہمیں کلین چٹ دی تھی۔ برطانیہ کے ڈیلی میل میں ڈیفیڈ کے فنڈز میں غبن کی جھوٹی خبر دانستہ شائع کرائی گئی تھی لیکن اس میں بھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا اور ڈیلی میل کو معافی مانگنا پڑی۔ یہ وہی مقدمہ تھا جس میں ناحق مجھے دو مرتبہ گرفتار کیا گیا، حمزہ شہبازکو قید رکھاگیا اور کرونا وباءکے دوران سخت بیمار ہونے کے باوجود حمزہ کو ڈاکٹر کے پاس بھی نہ لے جایا گیا۔ اس کی معصوم بیٹی سے ملنے تک نہ دیا گیا۔ ’واٹس ایپ‘ احتساب، بدترین میڈیا ٹرائل اور بے گناہی کی قید کا آج کوئی ازالہ ہو سکتا ہے؟ سیاسی انتقام کی آگ میں جلنے والوں کو دنیا میں تو جواب مل گیا لیکن انہیں آخری اور سب سے بڑی عدالت میں اس ظلم کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی اندھیر نگری کے اس سیاہ دور میں ہمارا ساتھ دینے، ہماری بے گناہی پر اعتماد رکھنے اور ہر جگہ ہمارا حوصلہ بڑھانے والے محسنوں، دوستوں، احباب، وکیلوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام فریقوں کی حمایت حاصل ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، آئی ٹی برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیمینار اور آئی ٹی منصوبوں کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، سٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی، ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے،ان میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مہارتیں ہیں، یہ سہولیات کی عدم فراہمی، طریقہ کار میں مشکلات اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اداروں کی کمی کے باوجود بہترین پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر برآمدات کی صلاحیت ہے، ہم مشکل صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی محنت اور مہارت سے ہر مقصد حاصل کریں گے، میرا سرمایہ کار میرا ماسٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، ہم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کر لیا ہے، اس منصوبہ کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دفاعی پروڈکشن کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، اگر وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گے تو ان کو منافع ملے گا، پاکستان میں پیداوار میں اضافہ، ملازمتیں اور برآمدات کو فروغ ملے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد قرضوں سے چھٹکارا حاصل کر لے گا، انتھک محنت سے اسے اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے، اس فریم ورک کے تحت کاروباری افراد کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا، سبز انقلاب سے ملک میں انقلاب آئے گا، ہم متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور تاریخ بدل دیں گے، نوجوانوں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، گذشتہ چار سال کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے الزام تراشی کرکے وقت ضائع کیا گیا، ہمیں ماضی کو بھول کر کامیابی کیلئے آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ یہ ہمارے لئے سنہری موقع ہے۔ سیمینار میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ سیمینار میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، خزانہ، دفاع، دفاعی پیداوار، سرمایہ کاری بورڈ، خارجہ امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اطلاعات و نشریات کے وزراء جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزراء اعلیٰ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئی ٹی ماہرین، سینئر آرمی و سول افسران نے بھی شرکت کی۔ سیمینار میں خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین سے سرمایہ کار اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے جانب سے لگائے گئے بوتھس کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان، ٹیک لفٹ بوٹ کیمپ، فرسٹ نالج پارک فار وومن باغ (آزاد جموں و کشمیر)، ایگری ٹیک انکیوبیٹر فیصل آباد اور سینٹر آف ایکسیلنس ان گیمنگ اینڈ اینی میشن کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے یوکرائن کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم اور ثقافت میں تعاون پر بات چیت کی گئی وزیراعظم نے کہا کہ یوکرائن تنازعہ کا عالمی سطح پر ایک گہرا اثر پڑا ہے تنازعہ سے متعدد ممالک کی معیشتوں کو نقصان پہنچا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔