شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دعا کریں نگران وزیراعظم کا مسئلہ متنازع نہ بنے ورنہ الیکشن ہی بیٹھ جائے گا،نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دان اور سیاست دان میں رسہ کشی شروع ہو چکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 20 دن کا سیاسی کھیل تماشہ باقی رہ گیا،بیس دن میں جتنے مخالفین کیخلاف کیس بنانے اور جو بھی قدم اٹھانے ہیں اٹھا لیں۔ پاکستان میں جس کی لاٹھی اُس کی بھنیس ہے جس دن شہباز شریف پرفردِ جرم لگنی تھی،اسی دن وہ وزیر اعظم بن گئے،آج 15 ماہ بعد سارے کیس ختم ہو گئے۔ انکا کہنا تھا کہ ملک میں 50 کروڑ روپے تک کی کرپشن جائز قرار دے دی گئی ہے اور 16 ارب روپے کی کرپشن ہوا میں اڑ گئی۔ انہوں نے پی ڈی ایم جماعتوں پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے مولانا فضل الرحمان سارے ملک سے اپنے امیدوار لائیں گے اور پیپلز پارٹی،ن لیگ کا ملبہ اپنے سر پر اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔ن لیگ کا لیول پلینگ فیلڈ کا مقابلہ بھی الیکشن کی گھبراہٹ ختم نہیں کر رہا،شہباز شریف نواز شریف کیلئے سیاست میں برادرِ یوسف کا کردار ادا کر رہے ہیں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ابھی سعودی عرب سے لندن جائیں گے لیکن پاکستان نہیں آئیں گے،کب اور کس حال میں پاکستان آئیں گے یہ اللہ کو پتہ ہے۔ پی ڈی ایم کی 13 جماعتوں میں سے تین بڑی پارٹیوں نے اپنے اپنے انتخابی نشان کی الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے،پیچھے جو 10 جماعتیں رہ جاتی ہیں،ان کا نام ہے اور نہ ہی کوئی کام ہے۔ شیخ رشید نے مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بجلی اور گیس مزید مہنگی ہو گی،آٹا اور چینی مہنگی جبکہ ایکسپورٹ اور ترسیلاتِ زر کم ہو گی۔ ڈالر کی قدر پر بات کرئے انکا کہنا تھا کہ جب ڈالر 300 روپے سے کراس کرے گا تو انہیں لگ پتہ جائے گا۔
20 دن کا سیاسی کھیل تماشہ باقی رہ گیا.شیخ رشید
Jul 21, 2023 | 12:19