لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران5747 منشیات فروشوں کو گرفتارکر کے شہر کے مختلف تھانوں میں 5573 مقدمات درج کئے ہیں۔ترجمان لاہورپولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 3985 کلو سے زائد چرس، 197کلو سے زائد ہیروئن، 107کلو سے زائد آئس اور 39817لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔سٹی ڈویژن میں منشیات کے1276ملزمان،کینٹ ڈویژن میں 1185، سول لائنز ڈویژن میں 621، صدر ڈویژن میں 768، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں 930اورماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 967ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔منشیات کی سمگلنگ اور استعمال کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے تعلیمی اداروں کے اطراف میں منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزمیں تیزی لانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے مکروہ دھندے کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹارگیٹڈآ پریشنز جاری ہیں۔منشیات کے آن لائن کاروبار میں ملوث ملزمان کی سرکوبی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے سپروائزری افسران کو انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کرنے کی ہدایات کی اوروالدین سے اپیل کی ہیکہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
رواں سال 5747 منشیات فروش گرفتار‘ مختلف تھانوں میں 5573 مقدمات
Jul 21, 2024