لاہور(کامرس رپورٹر)ار دو بازار کے تاجروں نے وفاقی بجٹ میں سٹیشنری پر 14فیصد جی ایس ٹی سمیت 24فیصد ٹیکسز کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دس رو ز میں ٹیکسز واپس نہ لئے گئے تو غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران (خالد پرویز گروپ ) کے صدر خالد پرویز،صدر انجمن تاجران اردو بازار ابوذر غفاری گوہر، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال ، صدرلاہور سٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن جمیل فاضل نے دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سٹیشنری پر 14فیصد جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسز ملا کر 24فیصد ٹیکسز عائد کردیئے گئے ہیں۔بدترین معاشی حالات نے پہلے ہی غریبوں کو جیتے جی مار ڈالا ہے۔ سٹیشنری پر ٹیکسز کا مطلب غریب کے بچے سے تعلیم چھیننا ہے۔ حکومت کو 10روز میں سٹیشنری پر جی ایس ٹی ختم کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہیں بصورت دیگر غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سٹیشنری پر ٹیکسز کا مطلب غریبوںسے تعلیم چھیننا ہے:آل پاکستان انجمن تاجران
Jul 21, 2024