لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، قائمہ کمیٹی سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت، سٹیبلشمنٹ، عدلیہ اور متحارب سیاسی قیادت آئین، جمہوریت، انصاف اور جمہوریت سے کھلواڑ کر رہے ہیں جبکہ جماعت اسلامی بجلی، پٹرول بحرانوں کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ 26جولائی اسلام آباد میں دھرنا ہو گا۔ عوام کو حق دلائیں گے۔ آئی ایم ایف کے غلاموں، آئی پی پیزکے ظالم سرپرستوں اور عوام دشمن پالیسی سازوں سے ملک و ملت کو نجات دلائیں گے۔ سٹیبلشمنٹ، جاگیرداروں، سرمایہ دار مفاد پرست قوتوں اور نااہل سیاسی کھلنڈروں کی گہری جڑوں کے خاتمہ کیلئے عوام طویل جدوجہد کیلئے تیار ہو جائیں۔ خاموشی، لاتعلقی سب کچھ ختم کر دے گی۔ انہوںنے کہا کہ خیبرپی کے ، بلوچستان اور پورے ملک میں عوام بیدار ہیں، دہشت گردی کے خاتمہ، امن اور اپنے تحفظ کیلئے میدان میں نکل آئے ہیں۔ دریں انثا ء امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر’’حق دو عوام کو تحریک‘‘ کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 26جولائی بروز جمعہ کو دھرنا دیا جائے گا۔جس میں خواتین، بچوں،بوڑھوں سمیت لاکھوں افراد شریک ہونگے۔ہم اس وقت تک سٹرکوں پر بیٹھیں گے جب تک عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں فراہم کر دیا جاتا۔ وقت آگیا ہے کہ قوم باہر نکلے اور ظالم حکمرانوں سے اپنا حق چھین کر حاصل کرے۔
عوام کو آئی ایم ایف غلاموں، عوام دشمن پالیسی سازوں سے نجات دلائینگے:لیاقت بلوچ
Jul 21, 2024