پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کے والد کا انتقال، پشاور میں سپردِ خاک، قل کل ہوں گے

Jul 21, 2024

اسلام آباد+ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) وزارت اطلاعات کے سینئر افسر پرنسپل انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) مبشر حسن کے والد غلام صابر رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔ عمر 94 برس تھی۔ علالت کے سبب اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ گزشتہ روز سہ پہر پشاور کنٹونمنٹ بورڈ کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی، وزیراعظم شہباز شریف کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، ارشد منیر، وزیراعظم کے سپیچ رائٹر ارشد ملک، وزیراعظم کی میڈیا ٹیم کے ارکان، وزارت اطلاعات ونشریات اور منسلکہ اداروں کے افسروں، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، سینئر صحافیوں، کالم نگاروں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مرحوم غلام صابر کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل بروز کل پیر 22 جولائی نماز عصر کے بعد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کالونی، جمرود روڈ پشاور میں ہو گی۔ دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید، سینیٹر عرفان صدیقی نے فون پر مبشر حسن سے والد کی وفات پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سربراہ شکیل مسعود، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سیکرٹری جنرل سرمد علی نے بھی فون پر مبشر حسن سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی۔ سید خورشید شاہ، محمد علی درانی، ندیم افضل چن، فردوس عاشق اعوان، سینیٹر شیری رحمان، بلال اظہر کیانی، سینئر راہنما سید حسن مرتضی، ممتاز سیاسی شخصیت عمیر خان کنڈی، جوائنٹ سیکرٹری عدنان دیار نے بھی پی آئی او مبشر حسن سے والد کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات عطاء اللہ تارڑ نے مبشر حسن کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے مبشر حسن اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبشر حسن کے والد کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ والد کا انتقال اولاد کے لئے بہت بڑا سانحہ ہے، والد کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پْر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے مبشر حسن کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزیدخبریں