اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

Jul 21, 2024

گوجرانوالہ +لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) عدالت نے اسامہ بن لادن کے گرفتار قریبی ساتھی ڈاکٹر امین الحق کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے کر اسے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سی ٹی ڈی نے گجرات سے گرفتار ہونے والے اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی و القاعدہ کے اہم رکن ڈاکٹر امین الحق کو پیش کیا، اس دوران سی ٹی ڈی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزم کا نام دہشتگردوں کی لسٹ میں شامل ہے۔ ملزم سے تفتیش کر کے بر آمدگی کی جانی ہے جس کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ معزز جج نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے کر اسے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا۔کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے گرفتار القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد امین الحق مشرقی سے تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امین الحق افغان شہری ہے۔ اس کے پاس موجود پاکستانی شناختی کارڈ کی کاپی پر سال 2020ء کی تاریخ درج ہے جبکہ اس کے پاکستانی شناختی کارڈ کے اجراء پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ امین الحق نے تفتیشی حکام کے سامنے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن سے 15 نومبر 2001ء کو آخری ملاقات ہوئی تھی۔

مزیدخبریں