اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو بجلی کا نیا جھٹکا دینے کی تیاری کر لی ہے۔ بجلی کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ سرکاری ڈسکوز کے صارفین کے لیے پہلے ہی مہنگی بجلی کو مزید مہنگا کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ایک ماہ کے لیے فی یونٹ کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کر دی ہے۔ سی پی پی اے کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں طلب کیا گیا ہے۔ ایف سی اے کی اس درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 31 جولائی کو سماعت کرے گی۔ دوسری جانب کے-الیکٹرک نے بھی کراچی کے صارفین کو ایک جھٹکا دینے کی تیاری کر لی اور بجلی فی یونٹ مزید 5 روپے 45 پیسے مہنگی کرنے کے لیے لیے نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں مئی اور جون کے ماہانہ ایف سی اے کی مد میں اضافہ مانگا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مئی کے لیے 2 روپے 53 پیسے اور جون میں ایف سی اے کی مد میں 2 روپے 92 پیسے اضافے کی منظوری دی جائے۔ نیپرا کی جانب سے کے -الیکٹرک کی درخواست پر 30 جولائی کو سماعت کی جائے گی۔