لاہور(نیوز رپورٹر)نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اسحق نے کہا ہے کہ حکومت کوسپریم کورٹ کے فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انٹرنیشنل افئیرز کے زیر اہتمام ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے اوورسیز میں موجود مسلم لیگ ن کے چیپٹرز کے صدور سے آن لائین میٹنگ سے خصوصی خطاب کیا۔انٹرنیشنل افئیرز کے سینئر نائب صدر بیرسٹر امجد ملک اس آن لائین کے میزبان تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا اوورسیز پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،ان کا مشن ہے کہ اوورسیز کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2017 میں نوازشریف کی حکومت نا ختم کی جاتی تو اس وقت پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ، ہماری بھرپور کوشش کے کہ ہم پاکستان کو والی پوزیشن پر واپس لائیں ، انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر مصالحت پسند ہوں لیکن تحریک انصاف نے جس طرح پاکستان کو معاشی و سیاسی و خارجی نقصان پہنچایا ہے وہ قابل معافی نہیں ، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس بارے بہتر و سود مند و قدم اٹھائیں گے ، حالیہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بالکل ایک لاڈلے کو نوازنے والا فیصلہ ہے ، اس میں آئین کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کی گئی ہے، اور تحریک انصاف جوکہ اس کیس میں کہیں موجود نا تھی اس کو نوازہ گیا ہے، کوئی بھی عام قانونی سوجھ بوجھ والا بھی اس کو غلط کہہ سکتا ہے۔ اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت کواس فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا حکومت کے پاس سادہ اکثریت ہے اور وہ ان شا اللہ اتحادیوں کیساتھ چلتی رہے گی۔ ہم آپ کے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں۔انہوں نے تحریک انصاف کی بیرون ملک میں پاکستان دشمن سرگرمیوں پر سخت غصہ کا اظہار کیا اور اپنے تمام اوورسیز صدور کو کہا کہ آپ ان کے جھوٹے و پاکستان دشمن پراپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ،آپ پاکستان کے بارے اپنے ممالک میں بات کریں اور ان کو بتائیں کہ تحریک انصاف نے اپنے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت کو کس قدر نقصان پہنچایا اور سیاسی اقدار کو پامال کیا اور نوجوان نسل کو بدتہذیب کردیا ،آپ تمام صدور بیرسٹر امجد ملک کی سربراہی میں عملی کام کریں۔ میٹنگ میں روحیل ڈار امریکہ ، ڈاکٹرابوالفضل آسٹریلیا ، پرویز سندھیلہ ہالینڈ ، اسد مالمو ڈنمارک ، رانا لیاقت علی جرمنی نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر مکمل اعتماد کیا اور کہا کہ وہ جلد تحریک انصاف کے پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیں گے اور اپنی گزارشات پیش کریں گے۔