لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے سولر پینل فنانسنگ سکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیا اور سکیم کے اجراء کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری انرجی نے بریفنگ میں بتایا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ سکیم کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر نصب سولر پینل سسٹم کی ریڈنگ اورکارکردگی کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ سولر پی وی ایپ کے ذریعے سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14 اگست سے سکیم لانچ کر دی جائے گی۔ 8800 پر بل ریفرنس نمبر اورکمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر بھیج کر سکیم کے لئے اہلیت چیک کی جائے گی۔ پی آئی ٹی بی کی قرعہ اندازی کے بعد کامیاب صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنی) قرعہ اندازی میں کامیاب صارف کے کوائف کی تصدیق کریں گے۔ سکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لئے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیو آر کوڈ موجود ہو گا۔ پہلے فیز میں ایک لاکھ سے زائد صارفین کو قرعہ اندازی کے ذریعے سولر پینل دئیے جائیں گے۔ بجلی چوری، ایک سے زائد میٹر، خراب یا ٹیمپرڈ میٹر اور بل ادائیگی نہ کرنے والے صارفین سولر سکیم کے اہل نہیں ہوں گے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ آٹا اور بجلی کے نرخ لوگو ں کی معاشی حالت کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔ چاہتی ہو ں کہ پنجاب کے ہر شہری کو بجلی کے بل میں ریلیف ملے۔ سولر پینل فنانسنگ سکیم کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق 625 ارب روپے کا سرپلس پیش کر کے لیڈ لی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر اپنی ٹیم کو سراہا اور''''ویری گڈ اینڈ ویل ڈن''''کہا۔ وزیر اعلیٰ وزراء ،کیبنٹ کمیٹی برائے لاء اینڈآرڈر، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز سے ویڈیو لنک میٹنگ ہوئی، وزیراعلیٰ نے محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی اور عزاداروں کے لئے ’’سبیل آن ویل‘‘کو سراہا۔ پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔ مریم نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں۔ میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کر کے میرا سر فخر سے بلند کیا۔ وزراء کرام نے یوم عاشورہ سے پہلے خود جا کر علماء کرام سے ملاقات کی۔ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کر کے امن و امان کو یقینی بنایا گیا۔ بڑے جلوسوں کی ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ سود مند رہی۔ شیخوپورہ میں واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کو بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بہت بڑی کامیابی ہے۔ تمام اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس نے دلچسپی لے کر کام کیا اور چیلنج کو پورا کیا۔ محرم کے انتظامات پر اہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کیا۔ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں۔ پولیس کی حفاظت کے لئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے۔ کسی سکیورٹی اہلکارکی شہادت کی خبر دل پر بھاری گزرتی ہے۔ آنے والے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کے لئے فول پروف انتظامات کریں گے۔ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔