اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے خود ہفتہ اتوار کی چھٹی ترک کردی ہے، ترقی کرنی ہے تو سب کو محنت کرنی ہوگی۔ وفاقی دارالحکومت میں اپنے گزشتہ دور حکومت میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارک کے منصوبہ کا دورہ اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک پاکستان کا بین الاقوامی معیار کے عین مطابق پہلا کیٹیگری 3 کا ٹیکنالوجی پارک ہو گا۔ 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے، آئی ٹی پارک دنیا میں رول ماڈل ہوگا، 120 دفاتر ہونگے ۔ آئی ٹی پارک کی لاگت کا تخمینہ 25 ارب روپے ہے، منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے 24 گھنٹے کام جاری ہے۔ پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت کی بہتری اور روزگار کے نئے مواقع اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین سے تعاون کے معاہدوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، چینی اعلیٰ قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس کو وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنے حالیہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکھر۔ حیدرآباد موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، چین میں ایک ہزار طلبہ کی پہلی کھیپ سرکاری خرچ پر جدید زرعی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے رواں تعلیمی سال کے آغاز پرچین بھیجی جارہی ہے، اگلی کھیپ پاکستان میں چینی زبان سیکھنے کے بعد چین کی جدید زرعی یونیورسٹیوں میں بھیجی جائے گی۔ درآمدی کوئلے پر چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل حتمی مراحل میں ہے۔ چینی ٹیکسٹائل، طبی و جراحی کے آلات، پلاسٹک اور چمڑے کی صنعتوں کو پاکستان میں منتقل کرنے کے لیے چینی کمپنیوں کے ساتھ اشترک کیلئے 78 پاکستانی کمپنیوں نے ابتدائی طور پرگہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں و افسران کو پاکستانی کمپنیوں کو چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک میں ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ادھر شہباز شریف سے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیماء نائلہ کیانی کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں وزیرِاعظم نے نائلہ کیانی کو دنیا کی پانچویں بڑی چوٹی،’’ مکالو‘‘ سر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم کاکہنا تھا کہ حکومت ملک میں باصلاحیت خواتین کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کھیل اور دیگر شعبوں میں خواتین کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا، وزیر اعظم نے کہاکہ عالمی عدالت انصاف نے تاریکی فیصلہ دیا اور کہاکہ اسرائیل کو فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرنا ہوگا، عالمی عدالت کا فیصلہ بہادر فلسطینیوں کی جدوجہد قانونی ہونے کی توثیق ہے اقوام متحدہ او عالمی برادری دو ریاستی حل پر عملدرآمد یقینی بنائے ، پاکستان کو اس کیس کا حصہ ہونے پر فخر ہے جو فلسطینی کاز سے غیر متزلزل وابستگی کا اظہار ہے ۔
میں نے ہفتہ اتوار کی چھٹی ترک کر دی، ترقی کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی: وزیراعظم
Jul 21, 2024