اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چین اور پاکستان کی مختلف کمپنیوں اور کارباری اداروں کے مابین"جوائنٹ وینچرز"کیلئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے اور پاکستان کے7بڑے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کمپنیوں کو یہاں مدعو کیا جائیگا جبکہ اس سیشن میں چین سے78اور پاکستان سے167کاروباری ادارے شریک ہوں گے جس سے سرمایہ کاری کے شعبے میں بڑی پیشرفت متوقع ہوگی۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کی زیر صدارت بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی بریفنگ میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا چین کی کمپنیوں کے اشتراک سے پاکستان کے تجارتی حجم میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ممکن ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں زمینی حقائق اور موجودہ حالات میں بنگلہ دیش، بھارت، ویت نام اور خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں چین کیلئے سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستان زیادہ پرکشش اور اہمیت کا حامل ملک ہے۔وفاقی وزیر نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور چین کی ان کمپنیوں سے رابطوں کو فوری طور پر حتمی شکل دیں جنہیں باہمی سرمایہ کاری کے لئے "جوائنٹ وینچرز"کرنا ہیں اور اس مقصد کے لئے بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔