کراچی(نوائے وقت رپورٹ) معروف اسلامی سکالر اور شیخ الحدیث مفتی محمد تقی عثمانی کا کہنا ہے ہر الیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہوتی ہیں، عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد تقی عثمانی کا کہنا تھا زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیل بنا لیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ملک کو کتنے وسائل عطا فرمائے ہیں، کون سی قدرتی دولت ہمارے پاس موجود نہیں؟ ہم آج تک جھیل سیف الملوک کے راستے کو پکا نہیں کر سکے۔ انگریز ریلوے کی جو لائن ڈال گئے تھے، اس کے بعد کوئی لائن نہیں ڈالی گئی۔ ان کا کہنا تھا سوال یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، اسی کے نتیجے میں آج ہمارا بچہ بچہ قرض دار ہے۔ ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے، ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے۔ دنیا میں انقلاب صرف حکومت کے ذریعے نہیں آتے، عوام کے ذریعے آتے ہیں۔ معروف مذہبی سکالر کا کہنا تھا اس وقت سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کا شکار ہیں۔ حالات ایسے ہیں ہر شخص میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ تاجر برادری سیاست کو بھی صحیح راستے پر آنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ کاروباری حضرات دیگر ممالک میں جا کر فلسطین میں مدد پہنچانے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا تھا دنیا میں تھنک ٹینک طویل مدتی پالیسیوں پر غور کرتے ہیں، ہم ہر الیکشن میں دھاندلی کے نعرے بلند کرتے ہیں، زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیئلائیز کر لیا گیا ہے۔ تاجر برادری کے باہمی اتحاد اور اتفاق سے ہی امپورٹڈ مصنوعات کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔ مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا ہمارے ملک کو بے شمار مسائل درپیش ہیں، زر مبادلہ کی کمی ہے۔ یہ تحریک چلائی جائے کہ امپورٹیڈ چیزیں ہم نہیں منگوائیں گے، خاص طور پر ایسے دشمنوں کی چیزیں جو مسلمانوں کا گلا کاٹ رہی ہیں۔ نامور اسلامی سکالر کا کہنا تھا اصل بات یہ ہے کہ ہم سیاسی نظام میں غلام ہیں، آزاد نہیں۔ عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی۔